گوگل ایڈسنس اکاونٹ حاصل کرنے کے لیے 10 آسان تجاویز
مہمان لکھاری محمد دانیال سبحانی کی تحریر
آپ کو معلوم ہوگا کہ آج کل گوگل کی جانب سے پاکستانیوں کو ایڈسنس اکاؤنٹ بڑی مشکل سے ہی
فراہم کیا جاتا ہے لہذا مجھے امید ہے کہ آپ اس تحریر کو بڑے اہتمام سے پڑھیں گے۔
ہم سب جانتے ہیں کہ پروفیشنل بلاگرز اپنے کام کے ساتھ انتہائی مخلص ہوتے ہیں اور حتی المکان
کوشش کرتے ہیں ہیں گوگل کی پالیسیوں کے خلاف کوئی کام نہ کریں۔ لیکن پھر بھی گوگل
پروفیشنل بلاگرز کے اکاونٹ بھی بلاک کر رہا ہے۔ ایسا کیوں ہے؟
اس کی ایک وجہ جس پر پہلے بھی کافی بحث ہوچکی وہ یہ ہے کہ پاکستان میں گوگل ایڈسنس کا غلط استعمال کیا جاتا ہے اور اکثر افراد گوگل اکاؤنٹس بیچنے کا کاروبار بھی کرتے ہیں اور کھلے عام گوگل کی پالیسیوں کی دھجیاں بکھیری جاتی ہیں۔
اسکے علاوہ پاکستانی اخباروں میں اکثر ایسے اشتہارات دیکھنے کو ملتے ہیں جہاں سادہ لوح افراد کو گھر بیٹھے ہزاروں روپے کمانے کا لالچ دے کر ان سے رقم بٹوری جاتی ہے۔
اس مقصد کے لیے سب سے پہلے ایک فری بلاگ جیسے بلاگرڈاٹ کام وغیرہ پر ایک فری بلاگ بنا یا جاتا ہے اور پھر اسکے لیے فری ڈومین جیسے .tk یا .co.cc وغیرہ حاصل کی جاتی ہے ۔ پھر Ezinearticles.com یا Goarticles.com سے تحریریں چوری کر کے بلاگ پر ڈال دی جاتی ہیں۔ پھر مختلف ذراع سے گوگل اشتہارات حاصل کرکے ان ویب سائیٹس پر لگا دیے جاتے ہیں اور لوگوں کو تیار ویب سائیٹ فراہم کر دی جاتی ہے اور ان سے ہزاروں روپے بٹورے جاتے ہیں۔
یہاں ایک اور بات قابل ذکر ہے کہ ایک جعلی ویب سائیٹ بنانے کے بعد اس کام میں ملوث گروہ ان ویب سائیٹس پر موجود اشتہارات پر خود بھی کلک کرتے ہیں اور اپنے گاہکوں کو بھی ایک دوسرے کی ویب سائیٹس اشتہارات پر کلک کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
اگر یہی صورت حال رہی تو اس بات کا خطرہ ہے کہ اب کی بار گوگل پاکستانی پبلیشر کو بالکل ہی بین کر دے گا۔ لہذا ہماری اپنے قارئین سے درخواست ہے کہ وہ اپنے طور پر بھی لوگوں کو اس بات سے آگاہ کریں اور انہیں ایسے دونمبر کاموں سے بچنے کی ترغیب دیں۔
ذیل میں کچھ تجاویز آپ دوستو کے ساتھ شئیر کر رہا ہوں جن پر عمل کرتے ہوئے آپ قانونی طور پر گوگل ایڈسنس کا اکاونٹ حاصل کر سکتے ہیں:
· سب سے پہلے آپ اپنی ویب سائیٹ کے لیے ٹاپ لیول ڈومین جیسے ڈاٹ کام یا ڈاٹ نیٹ وغیرہ خریدیں اور اچھی ویب ہوسٹنگ حاصل کریں۔ کیونکہ اگر آپ سستی ہوسٹنگ لیں گے تو ہو سکتاہے کہ گوگل پہلے تو آپ کا اکاونٹ چالو کر دے لیکن بعد میں ویب سائیٹ کی سست رفتار لوڈنگ کو دیکھتے ہوئے آپ کا اکاؤنٹ بلاک کر دیا جائے۔
· گوگل کے پانڈا اپڈیٹ کے بعد آپ کی ویب سائیٹ کی تھیم یا ٹیمپلیٹ بھی کافی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اگر آپ فری تھیم استعمال کرتے ہیں تو اس میں سرچ انجن آپٹیمائیزیشن کی زیادہ سہولیات میسر نہیں ہوتی ہیں۔
· گوگل کی جانب سے پاکستانی پبلیشرز کے خلاف کیے گئے حالیہ کریک ڈاؤن کے بعد ایک بات دیکھنے میں آئی ہےکہ ان میں سے نوے فیصد بلاک کی گئی ویب سائیٹس ورڈپریس پر بنائی گئی تھیں جبکہ اس کے مقابلے میں گوگل بلاگر پر بنائی گئی ویب سائیٹس کو بہت کم بلاک کیا گیا۔ لہذا میرا مشورہ ہوگا کہ ورڈ پریس کی بجائے بلاگر کا انتخاب کیا جائے۔
· گوگل کا ایڈسنس اکاونٹ حاصل کرتے ہوئے وہاں وہی تفصیلات فراہم کریں جو آپ نے اپنی ویب سائیٹ رجسٹر کروانے کے لیے فراہم کی ہوں جیسا کہ گھر کا پتہ ، فون نمبر وغیرہ ۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ آپ ڈومین کو پہلے اپنے نام پر رجسٹر کروائیں۔
· اگر آپ نے کوئی نئی ویب سائیٹ بنائی ہے تو گوگل ایڈسنس کے لیے درخواست دینے سے قبل کم از کم چھ ماہ انتظار کیجئے ۔ جی ہاں ہے تو یہ کافی تکلیف دہ بات لیکن گھبرائے مت اس میں صرف پاکستانی ہی نہیں بلکہ بھارت اور چین کے افراد کو بھی اسی قسم کی مشکل کا سامنا ہے۔
· ویب سائیٹ بنانے کے چھ ماہ تک اس پر خوب محنت کیجئے ۔ اگر آپ نے کوئی بلاگ بنایا ہے تو اس کو روز اپڈیٹ کریں اور مواد چوری مت کریں تاکہ گوگل پر آپ کی سائیٹ کا اچھا تاثر ہو۔
· کوشش کیجئے کہ آپکا بلاگ یا ویب سائیٹ صاف ستھری اور آسان ہو۔ گوگل کے مطابق اکثر اکاونٹ بند کرنے کی وجہ یہ تھی کہ ویب سائیٹس بہت ہی پیچیدہ قسم کی تھیں۔
· گوگل ایڈسنس کے لیے درخواست دینے سے قبل اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی ویب سائیٹ پر پرائیویسی پالیسی ، کاپی رائیٹ ، اور رابطہ کا صفحہ موجود ہو.
· ایڈسنس اکاونٹ کے لیے کسی دوسری ویب سائیٹ جیسے
Indiyarocks یا Flixya یا Docsto وغیرہ سے اکاؤنٹ مت بنائیں کیونکہ گوگل جلد ہی آپ کا اکاونٹ بلاگ کردے گا۔
· ایڈسنس کے لیے درخواست دینے سے قبل اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپکی ویب سائیٹ پر روزانہ کم و بیش 300 افراد ضرور آتے ہوں ۔ اگر آپکی ویب سائیٹ پر زیادہ تر افراد فیس بک کے ذریعے آتے ہیں تو قوی امکان ہے کہ گوگل آپکی درخواست رد کردے۔ لہذا ایس ای او کا سہارا لیں اور براہ راست قارئین یا سرچ انجن کے ذریعے آنے والے لوگوں کی تعداد میں اضافہ کریں۔
امید ہے کہ ان تجاویز پر عمل کرتے ہوئے نہ صرف آپ گوگل ایڈسنس اکاونٹ حاصل کرلیں گے بلکہ اسے گوگل کی جانب سے بلاک بھی نہیں کیا جائے گا۔